اڈپی، 6؍ مارچ (ایس او نیوز) اڈپی کی عدالت میں ایک حادثہ کے معاملے میں بطور گواہ حاضر ہونے والے شاہد اور وکیل گروراج کے درمیان کورٹ کے احاطہ میں حملہ اور مارپیٹ کی واردات پیش آئی ہے جس کے بعد دونوں نے ایک دوسرے کے خلاف پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کروائی ہے اور دونوں علاج کے لئے اڈپی ڈسٹرکٹ اسپتال میں داخل ہوگئے ہیں ۔
بتایا جاتا ہے کہ حادثہ کے گواہ کی حیثیت سے اپنا بیان درج کرنے کے لئے شاہد نامی شخص صبح ہی عدالت پہنچا تھا ۔ لیکن شام تک بھی اس کی گواہی نہیں لی گئی اور کیس کو اگلی تاریخ تک کے لئے ملتوی کیا گیا ۔ اس پر وکیل گروراج اور شاہد کے درمیان تکرار ہوئی اور مبینہ طور پر شاہد نے وکیل پر حملہ کردیا ۔ جبکہ شاہد کا الزام ہے کہ گروراج کے ساتھی وکیلوں نے اس پر حملہ کیا ہے ۔ اس جھگڑے کے بعد عدالت کے احاطے میں کچھ دیر کے لئے تناو پیدا ہوگیا ۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر حالات کو سنبھالا اور وہاں پولیس کا سخت بندوبست کردیا ۔ بطور احتیاط کورٹ کے پاس کے ایس آر ٹی سی کی ایک ٹکڑی کو تعینات کردیا گیا ہے ۔